ہنزہ نیوز اردو

ہوٹل انڈسٹری ترقی کی طرف گامزن ہے موجودہ نگراں حکومت خطے میں مستقل قیام امن اور سیاحت کے فروغ کیلئے سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہی ہے

اس پوسٹ کو شیئر کریں۔

گلگت 1 مئی ہنزہ نیوز(پ ر)صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات،سیاحت و ثقافت،کھیل و امور نوجوانان عنایت اللہ شمالی نے کہا ہے کہ ہوٹل انڈسٹری کاروباری سرگرمیوں کے علاوہ علاقے میں قیام امن اور سیاحت کے فروغ کیلئے کردار ادا کرے۔علاقے میں ہوٹل انڈسٹری ترقی کی طرف گامزن ہے موجودہ نگراں حکومت خطے میں مستقل قیام امن اور سیاحت کے فروغ کیلئے سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہی ہے آنے والی منتخب حکومت کو بھی چاہیئے کہ وہ بھی قیام ا من اور سیاحت کے فروغ کیلئے کوئی مستقل حل نکالیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک مقامی ہوٹل کے افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی ،خطاب کرتے ہوئے کیا۔اپنے خطاب میں انکا کہنا تھا کہ ہوٹل انڈسٹری کا ایک اپنا مقام ہے جس کی بہترین پالیسیوں کی وجہ سے ملکی و غیر ملکی سیاح خطے کی طرف راغب ہوتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں قیام امن میرا خواب ہے اور انشاء اللہ یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوگا قیام امن کیلئے منتشر اور بکھری ہوئی قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے اور اس کا بیڑہ میں نے اٹھایا ہے۔ہم نے ماضی میں بھی خطے میں قیام امن کیلئے ایک تاریخ رقم کی ہے اور آئندہ بھی ارض شمال میں امن کیلئے تگ و دو کر تے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ امن ہم سب کی ضرورت ہے اور امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم کو مبارک ہو کہ اس سال شندور پولو فیسٹول شان و شوکت کے ساتھ منائیں گے اس حوالے سے خیبر پختونخواہ حکومت کے ساتھ کامیاب مزاکرات ہوئے ہیں۔اس موقع پر تقریب سے وزیر قانون مشتاق احمد ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا اپنے خطاب میں وزیر قانون نے کا کہنا تھا کہ ہم مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیکر ایک صحتمند معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں خطے میں ہوٹل انڈسٹری کا قیام خوش آئند بات ہے اسکی ترقی کیلئے حکومت کو اقدامات اٹھائے گی۔

مزید دریافت کریں۔