ہنزہ نیوز اردو

مارچ تک گندم کا مسئلہ حل کیا جائے گا،خطے میں امن وامان کا مسئلہ بھی تسلّی بخش ہے:حاجی عابد علی بیگ

اس پوسٹ کو شیئر کریں۔

گلگت جنوری29 ہنزہ نیوز(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی حاجی عابد علی بیگ نے کہا ہے کہ مارچ تک گندم کا مسئلہ حل کیا جائے گا،خطے میں امن وامان کا مسئلہ بھی تسلّی بخش ہے،تمام سیکیورٹی ادارے متحرک ہیں اور پوری جانفشانی کے ساتھ اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔صوبائی حکومت آنے والے وقتوں میں گلگت بلتستان کوخوبصورت اورخوشحال بنائے گی ۔ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز ایل جی اینڈ آرڈی سیکریٹریٹ جوٹیال،سول سپلائی آفس اور محکمہ حیوانات کے دورے کے دوران آفیسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔دورے کے موقع پر اداروں کے ذمہ داران نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے معاون خصوصی کو بریفنگ بھی دی۔دورے کے دوران ان محکموں کے ملازمین کی حاضریاں بھی چیک کیں اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ملاز مین دفتری اوقات کار میں اپنی حاضریوں کو سوفیصد یقینی بنائیں اور اداروں میں نظام کی بہتری کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ بلاوجہ ملازمین کو تنگ نہیں کیا جائے گا اگر امور کی انجام دہی میں کوتاہی برتی گئی تو انکے خلاف بے رحمانہ احتساب عمل میں لایا جائے گا لہٰذا سرکاری ملازمین پوری ایمانداری اور اخلاص کے ساتھ فرائض انجام دیں اور وقت کی پابندی کا بھی خاص خیال رکھیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سٹی پارک کو مذید خوبصورت بنایا جارہا ہے تاکہ عوام کو تفریح کے مذید مواقع مل سکیں ۔سول سپلائی کے دورے کے موقع پر ڈائریکٹر خوراک مومن جان نے ادارے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت بھی ہے کہ عوام کو آٹے کے حصول میں کسی بھی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہو۔فروری سے آٹا 620روپے سے کم کر کے 590روپے مقرر کر رہے ہیں تاکہ آٹے کے حصول میں عوام کوبہتر سہولیات میسر ہو ۔ ہینزل سے چھموگڑھ تک کیلئے گلگت میں ہی آٹے کی پسائی ہوگی۔انکا مذید کہنا تھا کہ ہر ضلع میں گندم تولنے کیلئے ترازو کا نظام رائج کررہے ہیں 176ترازو خریدرہے ہیں جس کے لیئے ٹینڈر بھی ہوچکا ہے۔آٹے کی کوالٹی ہر جگہ چیک کرنے کا بھی اہتمام کررہے ہیں تاکہ حفضان صحت کے حصول میں کوئی کمی نہ رہ سکے۔انہوں نے معاون خصوصی کو مذید بتایا کہ جس فلور ملز سے بھی شکایت آئے کہ وہاں سے سوجی ،فائن یا چوکر ملا آٹا مل رہا ہے تو اس مل کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے 5لاکھ جرمانہ اور مستقل طور پر آئندہ کیلئے اسی مل کو سیل کر دیاجائے گا۔ان تمام باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک SOPبنی ہے اس کے تحت ملز مالکان کو گندم کہ فراہمی ہوگی۔دوسری جانب ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے معاون خصوصی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں ہم نے ڈیری فارمنگ کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے ہنگامی بنیادوں ہر اقدامات اٹھائے ہیں مرغیوں اور انڈوں کی پیداواری صلاحیت بڑھارہے ہیں انہوں نے مذید کہا کہ ملازمین کی حاضریوں کو یقینی بنانے کیلئے 35ہزار کی لاگت سے بائیومیٹرک سسٹم منگوارہے ہیں ۔اس موقع پر معاون خصوصی نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے مل کر گلگت بلتستان کی آبیاری،خوشحالی اور تعمیر وترقی کیلئے کردار اداکرنا ہے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہمیں تمام تر چیلیجز سے نمٹنا ہوگا۔

مزید دریافت کریں۔