ہنزہ نیوز اردو

فری سٹائل پولو کے عظیم کھلاڑی اور معروف سماجی رہنما شاہ گل عزیز قلیل علالت کے بعد ضلع ہنزہ کے علاقے گوجال میں واقع اپنے آبائی گاوں گلمت میں انتقال کر گئے

اس پوسٹ کو شیئر کریں۔

گوجال( سٹاف رپورٹر) فری سٹائل پولو کے عظیم کھلاڑی اور معروف سماجی رہنما شاہ گل عزیز قلیل علالت کے بعد ضلع ہنزہ کے علاقے گوجال میں واقع اپنے آبائی گاوں گلمت میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 90 سال کے لگ بھگ تھی۔ 1954 میں پولو کیریر کا آغاز کرنے والے شاہ گل عزیز نے متعدد علاقائی ٹورنامنٹس میں گلگت بلتستان کی نمائندگی کی اور اعزازات جیتے۔ شندور میں چترال کے خلاف پولو کھیلتے ہوے ان کی نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر ان کی شہرت ہنزہ اور گلگت سے نکل کر چترال اور گلگت بلتستان کے دیگر علاقوں تک پھیل گئی۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کے دوران گلگت پولیس، ناردرن سکاوٹس، گلگت سکاوٹ ، پی ڈبلیو ڈی اور دیگر ٹیموں کی طرف سے کھیلا۔ 1992 میں پولو سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد انہوں نے سماجی خدمات میں نمایاں کردار ادا کرنا شروع کیا، اور مختلف سماجی اور سیاسی حوالوں سے اپنے گاوں اور علاقے کی رہنمائی کی۔ وہ اعلی نمبردار کے طور پر پورے علاقے میں جانے اور پہچانے جاتے ہیں۔ تعلیم اور کھیل کے فروغ کے لئے ان کی خدمات صدیوں تک یاد رکھی جائیں گیں۔ آج صبح ان کی موت کی خبر سن کر گوجال بھر اور دیگر علاقوں سے ہزاروں لوگ اکٹھے ہوگئے اور ان کے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ انہیں محلہ چمنگل میں واقع اجتماعی قبرستان میں اشکبار آنکھوں کے سامنے سپردِ خاک کردیاگیا۔ مرحوم نے دو بیٹے دو بیٹاں اور ایک بیوہ سوگوار چھوڑا ہے۔

 

مزید دریافت کریں۔