ہنزہ نیوز اردو

چترال سے تعلق رکھنے والی شازیہ اسحاق نے مقابلے کا امتحان پاس کرنے کے بعد پولیس سروسز آف پاکستان جوائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے

اس پوسٹ کو شیئر کریں۔

والدہ کو افسر بن جانے کا بتایا تو خوشی سے روپڑیں’

خیبر پختونخوا کے پسماندہ ضلع چترال سے تعلق رکھنے والی شازیہ اسحاق نے مقابلے کا امتحان پاس کرنے کے بعد پولیس سروسز آف پاکستان جوائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ان کے پورے گاؤں میں خوشی کا سماں ہے۔

شازیہ اسحاق کا تعلق چترال بالا کے ایک دور دراز گاؤں جنالی کوچ کے ایک متوسط گھرانے سے ہے

‘میں انٹرویو سے مطمئن تھی اور مجھے امید تھی کہ پاس ہو جاؤں گی لیکن ڈر صرف اس بات کا تھا کہ ایسا نہ ہو کہ جس گروپ (پولیس سروس) کا انتخاب میں نے کیا ہے، اس کے میرٹ پر پورا نہ اتروں، لیکن نتیجہ آنے کے بعد خوشی کی انتہا نہیں تھی۔ سب سے پہلے جا کر امی کو خوش خبری سنائی تو ان کے خوشی سے آنسو نکل آئے۔’

یہ کہنا تھا خیبر پختونخوا کے پسماندہ ضلع چترال سے تعلق رکھنے والی شازیہ اسحاق کا، جنہوں نے مقابلے کا امتحان یعنی سینٹرل سپیریئر سروس (سی ایس ایس) پاس کرنے کے بعد پولیس سروسز آف پاکستان جوائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شازیہ کے مطابق وہ چترال کی پہلی خاتون ہیں، جو پولیس سروسز یعنی پی ایس پی جوائن کریں گی، ان کی پہلی تعیناتی بحیثیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) کی جائے گی، جبکہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ ملاکنڈ ڈویژن کی پہلی خاتون ہیں، جو پولیس سروس میں بحیثیت پی ایس پی افسر بھرتی ہوں گی۔

شازیہ نے بتایا: ‘پورے گاؤں میں خوشی کا سماں ہے کیونکہ ہمارے پورے گاؤں میں خاتون تو کیا کوئی مرد بھی سی ایس پی افسر نہیں ہے۔ لوگ مبارک باد دینے کے لیے گھر آرہے ہیں۔’

شازیہ اسحاق کا تعلق چترال بالا کے ایک دور دراز گاؤں جنالی کوچ کے ایک متوسط گھرانے سے ہے۔ ان کے والد پاکستانی فوج سے بحیثیت صوبیدار ریٹائرڈ ہوئے ہیں جبکہ شازیہ بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں۔ ان کا ایک بھائی تیسری اور ایک بارہویں جماعت میں زیر تعلیم ہے جبکہ ان کی بہن سرکاری سکول میں استاد ہیں۔

شازیہ نے بتایا کہ انہوں نے پہلی سے ساتویں جماعت تک تعلیم گاؤں میں واقع پامیر پبلک سکول سے حاصل کی ہے اور آٹھویں سے بارہویں تک تعلیم آغا خان ہائر سیکنڈری سکول سے حاصل کی۔

ابتدائی اور انٹر کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد شازیہ نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں داخلہ لیا اور 2018 میں پولیٹیکل سائنس میں بی ایس ڈگری حاصل کی۔

پولیس سروس ہی کیوں؟

شازیہ نے بتایا کہ بی ایس کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد انہوں نے ٹھان لیا تھا کہ وہ مقابلے کا امتحان دے کر پولیس سروس میں جائیں گی، کیونکہ وہ سمجھتی ہیں کہ پولیس میں رہ کر وہ علاقے کی بہتر طریقے سے خدمت کر سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا: ‘میں خصوصاً اس مقصد کے لیے پولیس سروس میں جا رہی ہوں کہ چترال کی طرح پسماندہ اضلاع کی خواتین کے وہ مسائل، جو پولیس سروس سے جڑے ہیں، کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکوں۔’

سی ایس ایس میں کامیاب ہونے والی پانچویں بہن
دوسروں کے لیے مثال بننے کے حوالے سے شازیہ نے بتایا کہ ‘لوگ سمجھتے ہیں کہ پولیس سروس میں آنا خواتین کا کام نہیں ہے کیونکہ یہ کام صرف مرد ہی کر سکتے ہیں، یہی وجہ ہےکہ میں ان فرسودہ اور گھسے پٹے نظریات اور خیالات کو ختم کرنے کے لیے پولیس میں آئی ہوں اور دنیا کو دکھانا چاہتی ہوں کہ مرد و خواتین سب کچھ کر سکتے ہیں لیکن صرف ہمت کی ضرورت ہے۔’

شازیہ نے بتایا: ‘میرے پولیس سروس میں آنے سے پسماندہ اضلاع کی خواتین کو ایک حوصلہ ملے گا کہ اگر مجھ جیسی ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والی، چترال کے ایک پسماندہ گاؤں میں رہنے والی پولیس سروس میں جا سکتی ہے، تو باقی خواتین کیوں نہیں جاسکتیں۔’

مقابلے کا امتحان دینا کتنا مشکل؟

بہت سے لوگ مقابلے کے امتحان کا نام سن کر ڈر جاتے ہیں، تاہم شازیہ سمجھتی ہیں کہ یہ امتحان اتنا بھی مشکل نہیں ہے جتنا لوگ سوچتے ہیں۔

انہوں نے بتایا: ‘میں نے امتحان کی تیاری 2019 میں پورا سال کی۔ امتحان کی تیاری کے لیے راولپنڈی میں رہتی تھی اور چار مہینے وہاں کوچنگ اکیڈمی جوائن کی تھی۔’

شازیہ کہتی ہیں کہ شہروں میں پڑھنے والے یا کسی پسماندہ ضلعے میں رہنے والے طلبہ کے تعلیمی معیار میں زمین و آسمان کا فرق ہوتا ہے لیکن پھر بھی وہ ایک ہی امتحان میں بیٹھ کر ایک ہی پرچہ حل کرتے ہیں، جو سمجھ سے بالاتر ہے۔

مزید دریافت کریں۔

مضامین

اساتذہ کے لیے پارٹ ٹائم بزنس

یہ 2011 کی بات ہے جب تعلیم سے فارغ ہو کر میں نے بحیثیت لیکچرار گورنمنٹ کالج گلگت اور بطور مدرس و میگزین ایڈیٹر جامعہ