ماحولیاتی صحت اور پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کام کرنے کے عزم کو جاری رکھنے کے لیے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ (پی ایچ ای ڈی) نے اپنے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی غرض سے ایک مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے۔
انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کی پی ایچ ای ڈی کے ساتھ 2018 سے دیرینہ شراکت داری ہے اور دونوں اداروں نے ماحولیاتی صحت سے متعلق مختلف منصوبہ جات پر کام کیا ہے۔ ان دونوں اداروں نے مشترکہ طور پر عملے کی اس حوالے سے تربیت، معلومات کے تبادلے، منصوبے کے نفاذ ، سوچ اور عمل کی تبدیلی اور ماحولیات اور حفظان صحت سے متعلق دیگر منصوبوں پرمل کر کام کیا ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری پی ایچ ای ڈی محمد ادریس نے کہا کہ اس طرح کی شراکت داری صوبے میں ماحولیاتی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ پی ایچ ای ڈی اور آئی آر سی مل کر کام کرتے ہوئے فنانسنگ، تکنیکی مہارت اور جدید طریقوں کے تحت اس شعبے کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے اپنی طاقت اور وسائل سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
آئی آر سی پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر شبنم بلوچ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ واش پروگرام کے ایسے منصوبے جن میں صنفی اور آب و ہوا سے متعلق باتوں کا خیال رکھا جائے، فروغ دینا ضروری ہے۔
اس کے علاوہ، واش یعنی پانی اور صفائی ستھرائی کے منصوبہ جات میں خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کی منفرد ضروریات کا خیال رکھا جانا چاہیے ۔ اس میں اس بات کو یقینی بنانا شامل ہے کہ سہولیات محفوظ، نجی اور خواتین اور لڑکیوں کی رسائی کے قابل ہیں ۔
محترمہ شبنم نے مزید کہا کہ سوچ اور برتاؤ کی تبدیلی کے طریقے کمیونٹیز میں مثبت اور پائیدار واش (یعنی پانی اور صفائی ستھرائی) کے منصوبوں اور طرزعمل کو فروغ دینےمیں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای ڈی) خیبر پختونخوا کے عوام کو پینے کے صاف پانی، حفظان صحت کی سہولیات اور صحت مند ماحول کی فراہمی کا مینڈیٹ رکھتا ہے۔ محکمہ صوبے میں پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کی اسکیموں کی منصوبہ بندی، عملدرآمد اور دیکھ بھال بھی کرتا ہے۔
آئی آر سی نے آسٹریلوی حکومت کے محکمہ خارجہ امور اور تجارت (ڈی ایف اے ٹی) کی مسلسل مدد کے ذریعے خیبر پختونخواہ کے تین اضلاع (پشاور، صوات اور بنیر) کے 75 سے زیادہ گاؤں میں لائف پراجیکٹ کا نفاذ کیا ہے ۔ لائف پروجیکٹ نے اپنے نفاذ کے چار سالوں میں ہزاروں زندگیوں کو فائدہ پہنچایا ہے ۔
اس سے قبل، آئی آر سی نے پی ایچ ای ڈی خیبر پختونخوا کی پینے کے صاف پانی، نکاسی کا نظام، حفظان صحت اور دیگر امور سے متعلق لوگوں کے طرز عمل میں تبدیلی کی حکمت عملی (بی سی سی) کی تشکیل میں پی ایچ ای ڈی کی مدد کی ہے۔ مزید برآں، آئی آر سی اور پی ایچ ای ڈی نے پینے کے پانی کی فراہمی کی اسکیموں کی منصوبہ بندی اور انفارمیشن مینجمنٹ پر تعاون کیا ہے۔