ہنزہ نیوز اردو

گلگت بلتستان سمیت مختلف شہروں میں کرونا کیسز 40فیصد بڑھ گئے، مزید 13جاں بحق

اس پوسٹ کو شیئر کریں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے باعث مزید13 افراد جاں بحق ہونے کے بعد وبا سے مرنے والوں کی کل تعداد 6ہزار 715 ہو گئی ، پاکستان میں کرونا وائرس کے736 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 26 ہزار 216 ہوگئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے باعث مزید13 اموات ہوئیں اور مرنے والوں کی کل تعداد 6ہزار 715 تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستان میں کرونا کے9 ہزار 855 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور 3 لاکھ 9ہزار646 صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کرونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 329 اور سندھ میں 2 ہزار 591 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 267، اسلام آباد میں 205، بلوچستان میں 148، گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 85 ہو گئی ہے۔ اسلام آباد میں کرونا کیسزکی تعداد 18 ہزار 578 ہوگئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ 2 ہزار 253، سندھ میں ایک لاکھ 42 ہزار 917، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 886، بلوچستان میں 15 ہزار 767، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 127 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 688 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان کے 735 اسپتالوں میں کرونا مریضوں کیلیے سہولیات ہیں اور اسپتالوں میں کرونا کے مریضوں کیلئے وینٹی لیٹرزکی تعدادایک ہزار920 ہے۔ ملک میں 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں اور متعدد شہروں میں ٹریس، ٹیسٹ اورقرنطینہ حکمت عملی موثر طریقے سے کام رہی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز اور اموات کی شرح بڑھ رہی ہے، گزشتہ 4 روز کے دوران مثبت کیسز کی شرح میں 40 فیصد اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال اور حکومتی اقدامات پر غور کیا گیا۔ صوبائی چیف سیکریٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک این سی او سی کو بریفنگ دی جبکہ وزارت قومی صحت حکام نے بھی اعداد و شمار پر بریفنگ دی۔ حکام قومی صحت نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ 5 روز سے مثبت کرونا وائرس کیسز کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، 4 روز کے دوران مثبت کیسز کی شرح میں 40 فیصد اضافہ ہوا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں مثبت کرونا کیسز اور اموات کی شرح بڑھ رہی ہے جبکہ کرونا وائرس مریضوں کے اسپتال میں داخلے کی شرح میں بھی اضافہ جاری ہے۔ حکام قومی صحت کے مطابق کراچی، حیدر آباد، مظفر آباد اور گلگت بلتستان میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا، پنجاب کے اسپتالوں میں بھی کرونا وائرس مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ 22 اکتوبر کو، گلگت بلتستان میں روزانہ کا مثبت تناسب 5.29فیصد تھا اور 20 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئیں۔ ان 20 نئے کورونا کیسز میں سے 9 کیسز ضلع گلگت میں اور 7 ضلع دیامر میں تھے۔ فیصلہ کیا گیا کہ رینڈم ٹیسٹنگ اورکانٹیکٹ ٹریسینگ میں اضافہ کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعہ ایس او پیز پر عمل درآمد سختی سے عمل میں لایا جائے گا۔جی بی کی ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے ،ہیڈ کوارٹر ایف سی این اے کی درخواست پر19 اکتوبر 2020 کو این سی او سی نے کرونا ٹیسٹ کے لئے ایک نئی آٹو ایکسٹراکٹر مشین فراہم کی ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ پنجاب میں کرونا وائرس سے شرح اموات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 0.92 فیصد سے 1.33 فیصد ہوچکی ہے۔ پنجاب میں یکم ستمبر کو کرونا وائرس کی شرح اموات 1.6 فیصد تھی جو اب 6 فیصد ہوچکی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ دنیا بھر میں مثبت کرونا کیسز کی شرح 2.72 فیصد ہے، پاکستان میں مثبت کرونا کیسز کی شرح 2.06 فیصد ہے، ملک میں کرونا وائرس سے مرنے والے 71 فیصد مرد ہیں، مرنے والے 76 فیصد مریض 50 سال سے زائد عمر کے ہیں۔

مزید دریافت کریں۔