ہنزہ نیوز اردو

سیاحوں کی کورونا رپورٹ ساتھ لانے کےلیے پابند کیا جائے گا

اس پوسٹ کو شیئر کریں۔

ہنزہ (رحیم اللہ بیگ ) اسسٹنٹ کمشنر گوجال ذوالقرنین خان کی زیر صدارت ہوٹل ایسوسی ایشن گوجال، بازار ایسوسی ایشن گوجال، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن گوجال، کشتی ایسوسی ایشن گوجال اور لائن ڈیپارٹمنٹ کا ایک مشترکہ اجلاس اسسٹنٹ کمشنر آفس گلمت گوجال میں منعقد ہوا، جس میں گورنمنٹ آف گلگت بلتستان کی جانب سے سیاحوں کی کورونا رپورٹ ساتھ لانے اور ایس او پیز کے تحت سیاحتی سرگرمیوں سے متعلق نوٹیفکیشن کےحوالے سے سب ڈویژن گوجال میں موجود تمام سٹیک ہولڈرز کو ایس او پیز کے تحت سرگرمیاں جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔ تمام ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے کورونا وبا سے بچنے اور کاروباری سرگرمیاں چلانے سے متعلق حکومتی اقدامات کو سراہا اور عہد کیا کہ سب ڈویژن گوجال میں سیاحوں کو خوش آمدید کہیں گے لیکن تمام سیاحوں کو پابند کیا جائے گا کہ وہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ سب ڈویژن گوجال میں موجود تمام دکاندار ماسک کا باقاعدہ استعمال کریں گے۔ اس سلسلے میں سب ڈویژنل انتظامیہ دکانداروں میں مفت ماسک تقسیم کرے گی۔ عطا آباد جھیل پر سیر و سیاحت کی غرض سے آنے والے سیاحوں کو بھی پابند کیا جائے گا کہ وہ ایس او پیز پر عمل پیرا ہوں اور کشتی ایسوسی ایشن کے ساتھ تعاون کریں۔ علاقے کی صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر گوجال نے تمام سیاحوں کو سڑکوں اور تفریحی مقامات پر کوڑا کرکٹ پھینکنے سے پابند بنانے کے لئے دفعہ 144 کا نفاذ کیا ہے۔ جو بھی سڑکوں یا تفریحی مقامات پر کوڑا کرکٹ پھینکے گا اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے مختلف علاقائی مسائل سے اسسٹنٹ کمشنر گوجال کو آگاہ کیا، جس پر اسسٹنٹ کمشنر گوجال نے متعلقہ حکام کو مسائل فوری حل کرنے سے متعلق احکامات جاری کیے۔

مزید دریافت کریں۔