[author image=”http://urdu.hunzanews.net/wp-content/uploads/2016/09/haqqani-logo-and-picture.jpg” ]امیرجان حقانی[/author]
حلیم فیاضی کا اصل نام عبدالحلیم ہے۔ حلیم فیاضی کے قلمی نام سے تحریریں بھی لکھتے ہیں لیکن ان کا اصل میدان شاعری ہے۔موصوف ضلع دیامر کی واحد ادبی تنظیم دیامر رائٹرز فورم کے صدر بھی رہے ہیں۔منفرد لب لہجے کے نوجوان شاعر حلیم فیاضی کا شعری مجموعہ ” مجھے تقسیم نہ کر ” عنقریب منظر عام پر آرہا ہے ۔حلیم فیاضی ایک بہترین کمپیرر کی حیثیت سے ادبی اور سرکاری حلقوں میں کافی مشہور ہیں ۔ حلیم فیاضی میرے اچھے دوست ہیں اور ساتھ ہی اچھے ناقد بھی ہیں۔دیامر کے نوجوان شعرا میں ان کا نام سرفہرست ہے۔ دیامر کے علاوہ بلتستان اور گلگت میں بھی ان کی شاعری مقبول ہوتی جارہی ہے۔ اکثر بڑے بڑے مشاعروں میں ان کو مدعو کیا جاتا ہے۔ مجھے خود کئی دفعہ ان کا کلام گلگت کے حلقہ ارباب ذوق کے مشاعروں میں سننے کو ملا۔ بلا شبہ بہت اچھے اشعار کہتے ہیں۔حال ہی میں حلیم فیاضی نے ترانہ گلگت بلتستان کے نام سے ایک ترانہ لکھا۔ جو سوشل میڈیا میں بہت سراہا گیا۔یہ ترانہ پورے گلگت بلتستان کو محیط ہے۔ جس میں انہوں نے پورے جی بی کے سیاحتی مقامات اور خطے کے منفرد خصوصیات اور قبائل و مسالک کو بڑی خوبصورتی سے پرویا ہے ۔ یہ ترانہ میں نے کئی دفعہ پڑھا، ہر بار لطفِ لطیف پایا۔مناسب جاناکہ اپنے قارئین کی خدمت میں فیاضی ؔ کا ’’ترانہ گلگت بلتستان‘‘ پیش کروں۔ ملاحظہ کیجیے۔
گلگت بلتستان ہی تو فخر پاکستان ہے
مختلف رنگ روپ کا یہ اک حسیں گلدان ہے
نانگا پربت راکاپوشی اور یہاں کے ٹو بھی ہے
ہنزہ نگر برزل سدپارا اور یہاں روندو بھی ہے
بابوسر بھی دیوسائی بھی اور اسکردو بھی ہے
خلتی، راماکی رعنائی شیوسر کا جادو بھی ہے
اس دھرتی کو دیکھنا ہر اک کی ارمان ہے
گلگت بلتستان ہی تو فخر پاکستان ہے
پھنڈر نلتر بھی اس میں ہیں داریل اور تانگیر بھی
فیری میڈو شگر وکھرمنگ شندور اور پامیر بھی
اہل نظر کہتے ہیں اس کو جنت کی تصویر بھی
یہ دھرتی اسلاف کی خوابوں کی ہے تعبیر بھی
ہر جواں اس خطے کا بابر اور لالک جان ہے
گلگت بلتستان ہی تو فخر پاکستان ہے
اس خطے کا ہراک گوشہ سونے کی اک کان ہے
اس کے پہاڑوں میں پوشیدہ یاقوت ومرجان ہے
اس کی جوانوں کی جرات سے لرزاں ہندوستان ہے
حب الوطنی ہرباسی کاحصہ ایمان ہے
ہے جواں مردوں کی دھرتی اس کی اپنی شان ہے
گلگت بلتستان ہی تو فخر پاکستان ہے
فرزندان دھرتی ماں ہیں شیعہ سنی اسماعیلی
شین یشکن بلتی چلاسی گلگتی اور نوربخشی
ہرقبیلہ ہر مسلک دھرتی کی رونق ہیں سبھی
ہے حلیم ہر شخص یہاں کا امن ومحبت کا داعی
جاں فدا دھرتی پہ کرنا ہر اک کا ایمان ہے
گلگت بلتستان ہی تو فخر پاکستان ہے
امید ہے کہ فیاضی صاحب کے ترانے سے آپ بھی خوب محظوظ ہوئے ہونگے۔ اللہ ہم سب کا حامی وناصر ہو۔