ہنزہ نیوز اردو

بدقماش عورت

اس پوسٹ کو شیئر کریں۔

تحریر کریم مایور

چند دنوں سے شوشل میڈیا پر گلگت بلتستان کے حوالے سے ایک ویڈیو وائیرال ہے جس میں ملک کے معروف اداکارہ صنم بلوچ اور قراقرم یونیورسٹی کے کچھ طلبا و طالبات رقص کرتے دکھائی دے رہے ہیں…. جس پر نام نہاد ثقافتی ٹھیکیداروں نے وہ واویلا مچایا ہوا ہے جیسے کوئی بڑی قیامت برپا ہو گئی ہو…

ثقافت کے علمبردار کا احتجاج بھی درست ہے بھئی کس نے بنت حوا کو اجازت نامہ جاری کیا کہ وہ سر بازار اپنا جسم ہلا کر… مٹکا کر… اعضاء کی شاعری کرتی پھرے؟ جس پر دنیا کے نیک پرہیزگار مرد حضرات واہ واہ کرے…

ویسے بھی مرد کے ساتھ عورت کا کیا مقابلہ مرد تو حالت نشے میں ننگا ہو کر بھی ناچتا گاتا ہے اس سے ثقافت کی حرمت پر کوئی آنچ تھوڑی آتی ہے…

مرد تو ٹی وی… اور فلموں میں نوجوان لڑکیوں کو رقص کرتے بھی دیکھ سکتا یے اس سے بھی ثقافت پر کوئی انگلی نہیں اُٹھا سکتا…

مرد راہ چلتی دوسروں کی ماں بہنوں کو غلط نظروں سے بھی دیکھتا ہے اس سے بھی ثقافت محفوظ ہی رہتی ہے…

مرد انٹرنیٹ پر گندی مواد تلاش کر کے بھی دیکھ سکتا ہے تاکہ دنیاوی حالت سے باخبر رہا جائے اس سے بھی ثقافت پر کوئی انگلی نہیں اُٹھا سکتا….

مردجھوٹ، کرپشن، دھاندلی، ملاوٹ بھی کرتا ہے اس سے بھی ثقافت کی عزت و ناموس پر فرق نہیں پڑتا…

مرد دوسروں کی غریب بیٹیوں کو نوکری کا لالچ دے کر جسم فروشی بھی کروا سکتا ہے اس سے بھی ثقافت ویسا کا ویسا ہی رہتا ہے…

مرد اسکول اور عبادت گاہوں میں دھماکے بھی کر سکتا ہے اس کا بھی ثقافت سے کوئی واسطہ نہیں…

مرد… جعلی پیر و فقیر بن کر تمہیں دھوکا دیتے ہوئے تمہاری عزت کے ساتھ کھیل سکتا ہے اس سے بھی ثقافت پر کوئی فرق نہیں پڑتا…

مرد… گھروں میں دفتروں میں اسکولوں میں تجھ پر تشدد کر سکتا ہے چاہیے جسمانی تشدد ہو نفسانی تشدد اس سے بھی ثقافت خراب نہیں ہوتی…

تم عورت ہو تمہیں کس نے اجازت دی کہ سرعام رقص فرمایا کرو تمھاری ان حرکتوں سے مردوں کی سوئی ہوئی غیرت جاگ جاتی ہے… تم عورت ذات ہو تمہارے ناچنے گانے سے ثقافت اور تہذیب کی دھجیاں اُڑتی ہیں…..

اس لیے تم تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے امور خانہ داری کی ذمہ داریاں سنبھالو مردوں کے ساتھ مقابلہ کروگی تو کبھی ثقافت کی آڑ میں کبھی مذہب کے نام پہ کبھی غیرت کے نام پر تمہیں بدنام کیا جائے گا… اور لوگ تمہیں بدقماش عورت کہیں گے….

شہ پارے 

مزید دریافت کریں۔