ہنزہ نیوز اردو

اوشکھندا اورجلال آباد کے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے متاثرین میں ڈھائی لاکھ کے امدادی چیکس تقسیم کئے

اس پوسٹ کو شیئر کریں۔

گلگت 08 اپریل، 2016ء – ہنزہ نیوز ۔( خبر نگارخصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ ،سینئر نائب صدر جمیل احمد ،سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے اوشکھندا اورجلال آباد کے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے متاثرین میں ڈھائی لاکھ کے امدادی چیکس تقسیم کئے اور متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا ۔امدادی رقم ان افراد میں تقسم کی گئی جن کے گھر سیلاب اور بارش سے منہدم ہوئے تھے ۔ اس موقع پر صدر پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابوں سے گلگت بلتستان کے تمام علاقے متاثر ہوئے ہیں ،رابطہ سڑکیں ،موصلاتی نظام درہم برہم ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ رقم متاثرین کی بحالی کے لئے ناکافی ہے لیکن اس سے متاثرین کی کچھ نہ کچھ مدد ضرور مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان کے ان تمام حلقوں میں امدادی رقم تقسیم کی جائے گی جہاں سیلاب اور بارشوں سے تباہی ہوئی ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے تباہی سے ایک ہفتہ گزر گیا لیکن صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ابھی تک نہ کوئی روڑ کھلی ہے نہ کوئی امدادی کارروائی نظر آرہی ہے۔ جو کام صوبائی حکومت کو کرنا چاہئے تھا وہ ہم کررہے ہیں۔ صوبائی حکومت کے وزراء اور ممبران اسمبلی صرف پروٹوکول اور سیلفیاں بنانے میں مصروف ہیں ۔ اس موقع پر متاثرین سیلاب اور بارش نے پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے رہنماوں کا شکریہ ادا کیا ۔

مزید دریافت کریں۔